راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ آج راولپنڈی میں انتقال کر گئے، جنرل وحید کاکڑ 12 جنوری 1993 تا 11 جنوری 1996 پاکستان کے گیارہویں چیف رہے، انہوں نے 1959 میں کمیشن حاصل کیا تھا، وہ آج راولپنڈی میں 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ نشان امتیاز ملٹری و ہلال جرات کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آرمی چیف اور پاک فوج کے تمام رینکس نے مرحوم جنرل کی نمایاں عسکری خدمات، قیادت اور پاک فوج کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ، آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر زرداری نے مرحوم جنرل کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی ، صدرِ مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل دے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سابق آرمی چیف جنرل عبدالوحید کاکڑ (ریٹائرڈ) کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنرل عبدالوحید کاکڑ (ریٹائرڈ) کی پاک فوج کے لیے گراں قدر خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

