متنازعہ ٹوئٹس پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا۔ایف اے سائبر کرائم ونگ کی تین رکنی ٹیم نے اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں اعظم سواتی کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا۔
ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی، انہیں اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم نے گرفتار کیا ہے۔واضح رہے کہ سینٹر اعظم سواتی نے پاک فوج کے اعلیٰ افسران کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا تھا۔
گرفتاری کے دوران اعظم سواتی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ مجسٹریٹ سے وارنٹ لے کر آئے ہیں جو درست طریقہ ہے تو میں ان کے ساتھ جا رہا ہوں لیکن یہ طریقہ غلط ہے کہ پہلے گرفتار کریں پھر تشدد کریں۔
ایف آئی اے نے پی ٹی آئی سینیٹر کیخلاف مقدمہ سائبر کرائم ونگ میں درج کیا، ٹیکنیکل اسسٹنٹ انیس الرحمان کی مدعیت میں مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل اعظم سواتی کو گزشتہ ماہ 13 اکتوبر کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں ضمانت پر رہائی ملی تھی۔