امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان میں انتخابی عمل کو قوانین کے مطابق آگے بڑھانے کا مطالبہ کر دیا

واشنگٹن(سی این پی)امریکا نے پاکستان میں انتخابی عمل کو قوانین کے مطابق آگے بڑھانے کا ایک بار پھرمطالبہ کردیا۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ دیگر ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی آزادانہ، منصفانہ اور بروقت انتخابات پر زور دیتے ہیں۔

میتھیو ملر نے کہا کہ حکام پر زور دیتے ہیں کہ انتخابی عمل کو پاکستان کے قوانین کے مطابق آگے بڑھایا جائے اور انسانی حقوق، بنیادی آزادیوں جب کہ قانون کی حکمرانی کا بھی احترام کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، عوامی اور حکومتی سطح پر پاک امریکا تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔اس سے قبل بھی ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں آزادانہ انتخابات پرزوردیتا ہے لیکن کسی ایک سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتا۔