ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس پہلا گواہ عدالت میں پیش، مزید سماعت 27 ستمبر تک ملتوی

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں مشہور ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے مبینہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیس کی سماعت کی، جب کہ سرکاری وکیل راجہ نوید حسین عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران کیس کے پہلے گواہ کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم، وکیل صفائی کی جانب سے گواہ پر آج جرح نہیں کی گئی۔ سرکاری وکیل راجہ نوید حسین نے عدالت سے درخواست کی کہ وکیل صفائی آج ہی گواہ پر جرح مکمل کریں تاکہ کیس کی کارروائی میں تاخیر نہ ہو۔

راجہ نوید حسین کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر مزید گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے جائیں گے۔ عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 27 ستمبر 2025 تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ یہ کیس سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر چکا ہے، اور عوام کی نظریں عدالت میں ہونے والی پیش رفت پر لگی ہوئی ہیں۔