گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق مختلف جرائم میں ملوث 1455 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 178 اشتہاری اور ریڈ بک میں شامل 13 انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز بھی شامل ہیں رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران گوجرانوالہ زون میں 5261 انکوائریاں کی گئیں جبکہ 1656 مقدمات درج کیے گئے۔ اسی عرصے میں 713 مقدمات کی تفتیش مکمل کر کے عدالتوں میں چالان جمع کروائے گئے، جبکہ 58 ملزمان کو عدالتوں سے سزائیں بھی سنائی گئیں۔
ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں 1128 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بجلی اور گیس چوری میں ملوث 22 افراد کو قانون کی گرفت میں لایا گیا، جبکہ بدعنوانی اور کرپشن میں ملوث مختلف سرکاری اداروں کے 24 افسران کو بھی گرفتار کیا گیا سال 2025 کے دوران اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت پانچ مقدمات درج کیے گئے، جن میں ملوث آٹھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پاسپورٹ مافیا کے خلاف 10 چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 17 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ پاسپورٹ ایجنٹوں کے خلاف آٹھ مقدمات بھی درج کیے گئے۔
حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کارروائیوں کے دوران 10 ملین روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی اور 9.1 ملین پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھے ایف آئی اے کے مطابق بدعنوانی، کرپشن اور منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کے زیر استعمال بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں سیل کی جا رہی ہیں، جبکہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک چلانے والے عناصر کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری اور نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

