اسلام آباد (کرائم رپورٹر)اسلام آباد ٹریفک پولیس لین وائلیشنز اور دیگر خلاف ورزیوں پر کارروائیوں کے ذریعے نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور شہر میں ٹریفک مینیجمینٹ کو مزید بہتر کرنے کے لئے پرعزم۔سی ٹی او اسلام آ باد کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں نے لفٹر آپریٹرز اور چیک پوائنٹس پر تعینات پولیس افسران کو اپنے دفتر بلا کر حوصلہ افزائی کی اور تعریفی اسناد دیں۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے ،لین وائلیشنز اور دیگر خلاف ورزیوں پر قانونی کارروائیوں کے ذریعے نظم و ضبط کوبہتر بنانے ،شہر میں ٹریفک مینیجمینٹ کو مزید بہتر کرنے کے ساتھ شہریوں کی بھرپور راہنمائی اور مدد کو یقینی بنا رہی ہے .

اس سلسلہ میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آبادکیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے لفٹر آپریٹرز اور چیک پوائنٹس پر تعینات پولیس افسران کو اپنے دفتر بلا کر حوصلہ افزائی کی اور تعریفی اسناد دیں، اس موقع پرسی ٹی او اسلام آباد نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں افسران اور جوانوں کی محنت و لگن قابلِ ستائش ہے ،اسلام آباد ٹریفک پولیس کے یہ افسران و جوان شہریوں کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں ،انہوں نے مزیدکہا کہ اسلام آباد کو حادثات سے محفوظ کرنے اور ٹریفک کو بلارکاوٹ رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں .

حادثات میں کمی لانے کے لئے قانون پر عمل د ر آمد کروانا انتہائی ضروری ہے، انہوں نے تمام افسران کو ہدایات جاری کی کہ وہ اپنے ماتحت عملے کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنا ئیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائیاں عمل میں لائیں .

سی ٹی او اسلام آباد نے مزید کہا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے آگاہی ٹیم مختلف اوقات میں مختلف چوکوں اور شاہراہوں پر عوام کو آگاہی فراہم کررہی ہے،جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ریڈیو ایف ایم92.4 پر بھی شہریوں کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں ٹریفک کی تازہ ترین صورت حال کے متعلق بھی شہریوں کو آگاہ کررہی ہے.


