عیدالفطر پر پاکستانی سینما کی رونقیں بحال، ’آگ لگے بستی میں‘، ’دہلی گیٹ‘ اور ’بلھا‘ بڑی اسکرینز پر نمائش کے لیے تیار

لاہور(ویب ڈیسک )عیدالفطر پرتین بڑی پاکستانی فلمیں بلھا ، دہلی گیٹ اور آگ لگے بستی میں سینماؤں کی زینت بننے جارہی ہیں جس سے سینماؤں کی رونقیں بحال ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ ایک زمانہ تھا جب پاکستان فلم انڈسٹری عروج پر تھی اورسالانہ سو سے زائد فلمیں ریلیز ہواکرتی تھیں پھر فلم انڈسٹری کے حالات خراب ہونے لگے تو سالانہ ریلیز ہونے والی فلموں کی تعداد نصف درجن بلکہ اس سے بھی کم ہو گئی، یہ فلمیں بھی زیادہ ترعید پر ریلیز ہوتی تھیں۔اس عیدپرتین بڑی پاکستانی فلموں کے علاوہ تین انڈونیشین فلمیں ایلس روبن ،ڈیزیم ، بون لیک ،ہالی ووڈ فلم ریڈی اور ناٹ ٹو اور ہیل میری بھی سینماؤں کی زینت بننے جارہی ہے جبکہ بھارتی پنجابی کامیڈی فلم ویاہ کرتارے دا بھی ریلیز کی جارہی ہے۔یہ تمام فلمیں ملٹی پلیکس سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی اورلاہور سمیت ملک بھر میں ریلیز ہوں گی ،اس طرح مجموعی طور پر عیدالفطر 2026 پاکستانی سنیما کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے،ان فلموں کی ریلیز سے نہ صرف ناظرین کو متنوع تفریح ملے گی بلکہ فلم انڈسٹری کو نئی توانائی ملنے کی امید ہے۔ ’’آگ لگے بستی میں‘‘ کو معروف اداکار،میزبان و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس میں فہدمصطفی کے ساتھ صف اوّل کی اداکارہ ماہرہ خان مرکزی کردارادا کر رہی ہیں، فلم میں معروف میزبان و کامیڈین تابش ہاشمی بھی پہلی بار بڑے پردے پر اداکاری کرتے نظر آئیں گے،اس فلم کی ہدایتکاری بلال عاطف خان نے کی ہے، فلم کی کاسٹ میں سینئر اداکار جاوید شیخ بھی شامل ہیں،اس فلم کے ذریعے ماہرہ خان اورفہدمصطفیٰ کی’’قائداعظم زندہ باد‘‘کے بعد سلورسکرین پر ایک ساتھ واپسی ہورہی ہے۔یہ فلم کامیڈی،ایکشن اور رومانس کا امتزاج ہے جسے پاکستان کے ساتھ ساتھ اوربھی کئی ملکوں میں ریلیزکیاجارہاہے۔

’’آگ لگے بستی میں‘‘ کی کہانی برکت (فہد مصطفیٰ) اور اس کی بیوی الماس (ماہرہ خان) کے ازدواجی تعلقات کے گرد گھومتی ہے جو ایک طرف گھریلو کشمکش اور دوسری طرف مجرمانہ مہم جوئی کے درمیان الجھتے ہیں۔ فہد مصطفیٰ کو ایسے کردار میں دکھایا گیا ہے جو ایمانداری کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے اور یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ وہ مر تو سکتے ہیں لیکن چوری کا ایک نوالہ بھی قبول نہیں کریں گے،اس کے برعکس ماہرہ خان دولت کی جلد حصول کی خواہشمند دکھائی دیتی ہیں اور فہد مصطفیٰ کے کردار کو غلط راستہ اختیار کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

’’آگ لگے بستی میں‘‘فہدمصطفیٰ کی پروڈکشن میں پہلی فلم ہے اوراسے پاکستان کی ساری سکرینز پرہی نمائش کیلئے پیش کیاجارہاہے۔فہدمصطفیٰ کافلم کے حوالے سے کہناہے کہ یہ فلم بہت دل سے بنائی ہے، امیدہے لوگوں کوبھی پسندآئے گی،میرے ذہن میں کافی عرصے سے تھاکہ تابش ہاشمی کے ساتھ کوئی پراجیکٹ کروں،انہوں نے فلم میں بہت اچھاکام کیاہے ۔جہاں تک فلم کے نام’’آگ لگے بستی میں‘‘ کاتعلق ہے تو ہرانسان کی زندگی میں کچھ پریشانیاں ہیں، کوئی نہ کوئی آگ ہے جسے وہ بجھاناچاہتاہے،اس کی ایک بستی ہوتی ہے جس میں کوئی نہ کوئی آگ ضرور لگ ہی جاتی ہے،فلم میں بھی ہم سب اپنی اپنی آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہیں اسی لئے یہ نام رکھا،لوگوں نے فلم کے منفرد نام کوپسندبھی کیاہے۔ مسائل کی وجہ سے لوگ مسکرانابھول گئے ہیں لیکن یہ فلم دیکھنے کے بعد وہ مسکراتے ہوئے سینماسے گھروں کوواپس جائیں گے،یہ فلم پیسہ وصول تفریحی تجربہ ثابت ہوگی۔

اداکارہ ماہرہ خان کاکہناہے کہ ’’آگ لگے بستی میں‘‘ بہت پیار،محبت اورمزے سے بنائی ہے جوچھوٹی عیدکابڑاتحفہ ثابت ہوگی۔ ’’لوگرو‘‘اور ’’نیلوفر‘‘بہت مختلف تھیں لیکن ’’آگ لگے بستی میں‘‘کہانی اورکرداروں کے حوالے سے سب سے مختلف ہے،یہ فلم میرے دل کے قریب ہے۔عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہونے والی دوسری اہم فلم ’’دہلی گیٹ‘‘ کی ہدایتکاری ندیم چیمہ نے کی ہے جواس سے پہلے بھی کئی اچھی اورمعیاری فلمیں بناچکے ہیں، محمدکمال پاشامرحوم نے فلم کی کہانی اورمکالمے لکھے تھے،فلم اندرون لاہور کی تہذیب، ثقافت اور وہاں کے کرداروں کی زندگی کو منفرد انداز میں پیش کرتی ہے،اس میں رومانس،ایکشن، جذبات اور کامیڈی کے عناصر شامل ہیں۔فلم کی کاسٹ میں سینئر اداکار جاوید شیخ، شمعون عباسی، شفقت چیمہ، محمدقوی خان، خالد بٹ اور راشد محمود شامل ہیں جبکہ نئی نسل کی نمائندگی یاسر خان، سوزین فاطمہ اور روما مائیکل کر رہے ہیں،فلم کی موسیقی نوجوان میوزک ڈائریکٹر سانول خان نے ترتیب دی ہے۔

نامور اداکارشان شاہدکی پنجابی فلم ’’بلھا‘‘ بھی عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلموں میں شامل ہے جس میں وہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں،اس فلم کی ہدایت کاری شعیب خان کی ہے جبکہ کہانی معروف مصنف ناصر ادیب نے تحریر کی ہے۔فلم کی کاسٹ میں شان شاہدکے علاوہ مونا لیزا، نعیمہ بٹ، عدنان بٹ، علی جوش، ماہم مرزا اور آصف خان بھی شامل ہیں،اس فلم کے ذریعے اداکارہ نعیمہ بٹ کو سلور اسکرین پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
فلم’’بلھا‘‘ ایک ایسے ہیرو کی کہانی بیان کرتی ہے جو ناانصافی کے خلاف کھڑا ہوتا ہے اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرتا ہے۔پنجابی ثقافت اور روحانی پس منظر میں بنائی گئی یہ فلم ظلم، مزاحمت، حوصلے اور حق و باطل کی کشمکش جیسے موضوعات کو اجاگر کرتی ہے ، شان شاہد کے مطابق یہ فلم صرف تفریح فراہم کرنے کے لیے نہیں بنائی بلکہ ایک مضبوط پیغام بھی دیتی ہے۔