اسلام آباد (کرائم رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ، بدعنوانی اور غیر قانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے کے مختلف مقدمات میں ملک بھر میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے لیبیا کشتی حادثہ 2026 میں ملوث انسانی اسمگلر محمد طاہر کو گوجرہ سے گرفتار کر لیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے شہری محمد اقبال ارشد کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر 21 لاکھ روپے ہتھیائے اور اسے غیر قانونی طور پر کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھیجنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں کشتی اٹلی کی سمندری حدود میں حادثے کا شکار ہو گئی جس میں متاثرہ شہری جان کی بازی ہار گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم سے 99 لاکھ 70 ہزار روپے بھی برآمد ہوئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے بدعنوانی کے ایک اور کیس میں جی پی او شیخوپورہ کے سابق سرکاری ملازم ملک شبیر احمد خان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم پر دورانِ تعیناتی سرکاری خزانے میں خرد برد کا الزام ہے۔ اسی طرح ایف آئی اے لاہور نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث دو ملزمان عبدالمجیب اور محمد حسیب کو بھی گرفتار کیا ہے، جنہوں نے شہریوں کو بیرون ملک ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 37 لاکھ 40 ہزار روپے بٹورے۔
ادھر ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی نے ایک اور کارروائی میں ریجنل پاسپورٹ آفس ویسٹ صدر کراچی میں چھاپہ مار کر سہولت کار عامر علی لشاری کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم غیر قانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے اور افغان شہری کے پاسپورٹ پراسیس میں مدد دینے میں ملوث تھا۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 122/2026 درج ہے اور اسے عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا ایف آئی اے کے مطابق تمام گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

