اسلام آباد میں تھانہ نون کی حدود میں چار افراد کا قتل، پولیس تحقیقات جاری

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد کے علاقے تھانہ نون کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک رہائشی مکان سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق کمال کیپیٹل ہسپتال کے سامنے واقع اس گھر میں مکان مالک نثار خان کا کرایہ دار حبیب الرحمان گزشتہ پانچ سال سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھا، مقتولین میں حبیب الرحمان، اس کا بہنوئی، اس کی ہمشیرہ اور تقریباً 12 سے 13 سال کا ایک بھانجا شامل ہیں۔ چاروں افراد کی لاشیں گھر کی بالائی منزل سے ملی ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق تمام افراد کو آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، ذرائع کے مطابق مقتولین کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا اور وہ مبینہ طور پر خفیہ شادی کے بعد جان کے خطرے کے پیش نظر اسلام آباد میں رہائش پذیر تھے۔ تاہم پولیس حکام نے اس پہلو کی باضابطہ تصدیق نہیں کی اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔