پاکستان اور روس کا کھیلوں میں تعاون بڑھانے اور ایم او یوز پر عملدرآمد تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ سے پاکستان میں تعینات روسی سفیر البرٹ خوریف نے جمعرات کو ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان کھیلوں سے متعلق موجود مفاہمتی یادداشتوں ایم او یوز پر عملدرآمد کو تیز کیا جائے گا، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص فٹ بال کے شعبے میں تعاون کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر کہا کہ روس کے روایتی اور مقبول کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی، وفاقی وزیر نے روس کو کھیلوں کے شعبے میں وسیع تجربہ اور مضبوط صلاحیتوں کا حامل ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، ثقافت، معیشت اور کھیل دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

روسی سفیر البرٹ خوریف نے کہا کہ روس میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پاکستان کے تجربات اور مہارت سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا، روسی سفیر نے امریکہ اور ایران کے درمیان امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا، ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کا دائرہ مزید وسیع کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔