سی ڈی اے کا واسا راولپنڈی کو بڑا جھٹکا، اسلام آباد ایکسپریس وے کے 15 ٹیوب ویلز بند، این او سی منسوخ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد ایکسپریس وے کے گرین بیلٹ میں قائم ٹیوب ویلز کے ذریعے پانی راولپنڈی منتقل کیے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واسا راولپنڈی کو تمام متعلقہ ٹیوب ویلز فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

سی ڈی اے کے مطابق زیرِ زمین پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانے اور واٹر ٹیبل میں مسلسل کمی کے خدشات کے پیش نظر فیض آباد سے کورال انٹرچینج تک قائم 15 ٹیوب ویلز کا آپریشن روک دیا گیا ہے، اتھارٹی نے ان ٹیوب ویلز کے لیے 2022 میں جاری کیا گیا این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) بھی منسوخ کر دیا ہے۔

سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سے ملحقہ علاقوں میں ٹیوب ویلز سے مسلسل پانی نکالے جانے کے باعث زیرِ زمین پانی کی سطح تیزی سے نیچے جا رہی تھی، جس کے اثرات شہریوں کے ذاتی بورز پر بھی مرتب ہونا شروع ہو گئے تھے۔

اتھارٹی کے مطابق مختلف علاقوں سے پانی کی قلت اور واٹر سپلائی متاثر ہونے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس پر علاقہ مکینوں کی درخواستوں اور تحفظات کا نوٹس لیا گیا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ متعدد علاقوں میں زیرِ زمین پانی کی سطح نمایاں حد تک گر چکی ہے۔

سی ڈی اے نے مزید کہا کہ واسا راولپنڈی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت ٹیوب ویلز سے حاصل ہونے والے پانی کا 50 فیصد حصہ اسلام آباد کی حدود میں فراہم کیا جانا تھا، تاہم اس حوالے سے بھی مختلف مسائل سامنے آئے ہیں۔

سی ڈی اے نے واسا راولپنڈی کو تحریری طور پر فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ ٹیوب ویلز کا آپریشن فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے آبی ذخائر اور شہریوں کے پانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں۔