وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا ٹیلیفونک رابطہ، امن معاہدے کے بعد تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، پی ایم آفس کے اعلامیے کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں امن معاہدے پردستخط کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا، دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو 30 منٹ سے زائد جاری رہی، شہباز شریف نےصدر مسعود پزشکیان، ایرانی قیادت اورعوام کو تاریخی امن معاہدے پردستخط کی مبارکباد دی۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی معاہدہ ناصرف خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ایرانی قوم کی تعمیرِنوکا باعث بنے گا، یہ معاہدہ پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بھی بنے گا، وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے بھی پرتپاک احترام اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امن معاہدے پر دستخط کے ایرانی فیصلے کو سراہتے ہوئے مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے ایرانی قیادت کی کامیابی کی دعا کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہر شعبے میں ایران کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، دوسری جانب اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایرانی صدر نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات نے انتہائی مہارت، اخلاص اور دانشمندی سے ثالثی کے عمل کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ثالثی کے اس عمل کو ایران ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا، مشکل وقت میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ حمایت کو ایران ہمیشہ یاد رکھے گا، اُنہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کومزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی سہولت کے مطابق جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دوروں اور آئندہ دنوں میں بھی مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔