واشنگٹن (ویبڈیسک) امریکا اور ایران نے موجودہ 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کرلیا ہے، تاہم توسیع کی مدت تاحال طے نہیں کی گئی ، ترک خبر ایجنسی انادولو کے مطابق پاکستانی حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں فریقین نے جنگ بندی میں توسیع پر رضامندی سے ثالثوں کو آگاہ کردیا ہے ، رپورٹ کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان توسیع کی مدت طے کرنے کے لیے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے ، موجودہ جنگ بندی 17 اگست کو ختم ہونے والی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 17 جون کو 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے، جس کے تحت جنگ بندی برقرار رکھنے اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے مذاکرات مکمل کرنے کے لیے 60 روز کی مدت مقرر کی گئی تھی۔
مفاہمتی یادداشت میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے ساتھ آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھلا رکھنے کی شق بھی شامل تھی، تاہم اہم معاملات پر مبہم زبان کے باعث دونوں فریق ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

