پنجاب میں غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کے خلاف سخت نیا قانون متعارف، عادی مجرموں کیلئے سخت سزائیں تجویز

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبے میں غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کے سدباب کیلئے سخت نیا قانون متعارف کروا دیا ہے، پرانے غنڈہ ایکٹ 1959 کی جگہ نیا قانون، قائمہ کمیٹی داخلہ سے منظور ہو چکا ہے، نئے قانون کیلئے دی پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفنڈرز اینڈ اینٹی سوشل بیہیوئیر بل 2026 تیار کیا گیا ہے۔

اس قانون کے تحت پہلی بار جرم ثابت ہونے پر 3 سے 5 سال قید کی سزا دی جا سکے گی، اسی طرح عادی مجرموں کو 7 سال قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانے کی تجویز دی گئی ہے، علاوہ ازیں غنڈہ عناصر کے شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹس بلاک کئے جا سکیں گے، جو جرائم پیشہ عناصر کیلئے بڑی رکاوٹ ہوگا۔

اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر اسلحہ نمائش اور ہوائی فائرنگ بھی قانون کے دائرے میں شامل کر لی گئی ہے، جبکہ پولیس کو ملزمان کی ڈیجیٹل نگرانی اور بائیو میٹرک ڈیٹا جمع کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد قانون فوری نافذ العمل ہوگا اور جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا تنگ ہو سکے گا۔