لاہور (بیورو رپورٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا ظلم اور تکبر کے خلاف نعرہ حق ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے، انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا نے صبر، قربانی اور عدل کی عظیم اور ابدی مثال قائم کی، سانحہ کربلا کے بعد دو ہی فرقے بچے ہیں ایک حسینی اور دوسرا یزیدی، ہمیں فخر ہونا چاہیے کہ ہم سب حسینی ہیں۔
گورنر پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے رفقاء نے یزیدیت کو للکارا اور حق کی خاطر اپنی جان دے دی لیکن باطل کے آگے سر نہیں جھکایا، اہل بیت کی عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جاسکتا، اہل بیت سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔
سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین ؓ کا پیغام کسی ایک مسلک یا گروہ کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے، ہمیں فرقہ واریت سے گریز اور اپنی صفوں میں اتحاد رکھنا ہے۔

