اسحاق ڈار کے قریبی رشتے دار مبینہ نواسے کے خلاف ریپ کیس ڈار فوری استعفیٰ دیں .فیصل واوڈا

لاہور (ویب ڈیسک) سینیٹر فیصل واوڈا نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں لکھا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراوروزیرخارجہ اسحاق ڈار کے قریبی رشتے دار (مبینہ نواسے) پرغیر ملکی خواتین کو پاکستان بلاکر مبینہ جنسی زیادتی، تشدد اور بھتہ خوری کے الزام سامنے آئے جس کے بعد غالبا متعلقہ غیر ملکی سفارتخانے کی مداخلت پر ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

فیصل واوڈا نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ حکومت مبینہ واقعے کو دبانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، کیس کو جنسی زیادتی کے بجائے بھتے تک محدود کرنے کی مبینہ کوشش اور مظلوم غیرملکی خواتین کو جلد از جلد ملک سے واپس بھیجنے کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اس واقعے میں 164 کا بیان جو اب تک سامنے آ جانا چاہیے تھا وہ منظر عام پر نہیں آیا اور ماضی کی میڈیکل رپورٹس کے ریکارڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے من پسند رپورٹس بھی حاصل کر لی جاتی ہیں۔

فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کے بعد اسحاق ڈارفوری استعفیٰ دیں، کون اس شرمناک الزام کے بعد بطور نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے ساتھ دنیا کے آگے پاکستان کے جھنڈے تلے کھڑا ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز دو غیر ملکی خواتین کو اغوا اور زیادتی کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، اس حوالے سے پولیس ذرائع کا بتانا تھا کہ ملزم رضا ڈار اور دونوں غیرملکی خواتین سنگاپورمیں کاروبار میں شراکت دارتھے، خواتین نے مزید رقم انویسٹ کرنے کا مطالبہ کیا تو ملزم نے ویزے لگوا کر انھیں پاکستان بلا لیا، ملزم نے خواتین سے اپنےدوستوں کے ساتھ مل کرزیاتی کی۔