پولیس اہلکاروں پر حملے اور سرکاری امور میں مداخلت پر متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ شمس کالونی پولیس کے اہلکاروں پر حملہ، سرکاری امور میں مداخلت، مزاحمت اور دھمکیاں دینے کے الزام میں متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، پولیس رپورٹ کے مطابق واقعہ 30 جولائی 2026 کو سیکٹر H-11 میں پیش آیا، جہاں پولیس ٹیم معمول کی گشت اور سرکاری ڈیوٹی پر موجود تھی ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی لینے کی کوشش کی، تاہم اس دوران متعدد افراد موقع پر جمع ہوگئے اور پولیس کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے لگے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی کی، سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مزاحمت کی اور مبینہ طور پر پولیس پر حملہ بھی کیا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں ، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزمان نے مشتعل ہجوم اکٹھا کرنے کی کوشش کی اور پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

پولیس نے واقعے کے بعد مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ، مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعات 109، 186، 353 اور 420 شامل کی گئی ہیں، جبکہ واقعے کی مزید قانونی جانچ جاری ہے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تفتیش کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، تاہم، مقدمہ درج ہونا الزام ہوتا ہے اور اس کے بارے میں حتمی فیصلہ عدالت کی کارروائی کے بعد ہی ہوگا۔