ممبئی (ویب ڈیسک)بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف پروڈیوسر شیلندر سنگھ نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان سے متعلق ایک دلچسپ اور حیران کن واقعہ بیان کرتے ہوئے ان کی ایک منفرد عادت سے پردہ اٹھایا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں شیلندر سنگھ نے بتایا کہ ایک رات وہ سلمان خان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر گئے۔ اس سے قبل سلمان خان کی منیجر ریشما شیٹی نے انہیں بتایا تھا کہ اداکار کو بال گرنے کا مسئلہ درپیش ہے، جس کے بعد وہ بالوں کے علاج سے متعلق معلومات بھی حاصل کر رہے تھے۔
شیلندر سنگھ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے دیکھا کہ سلمان خان کچن میں بیٹھ کر بریانی کھا رہے تھے، جبکہ ان کے سامنے ایک آئینہ رکھا ہوا تھا۔ ان کے بقول سلمان کی عادت تھی کہ وہ کھانا کھاتے ہوئے آئینے میں دیکھتے اور اسی طرف دیکھ کر گفتگو کرتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی دوران ایک شخص طبی آلات کے ساتھ کمرے میں داخل ہوا، دستانے پہنے اور بغیر گفتگو میں خلل ڈالے سلمان خان کی سر کی جلد میں انجیکشن لگانا شروع کر دیے۔ شیلندر سنگھ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سلمان خان سے اس بارے میں پوچھا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، “بھائی، اسٹار بننے کی ایک قیمت چکانی پڑتی ہے۔”
پروڈیوسر کے مطابق علاج کے دوران بھی سلمان خان سکون سے بریانی کھاتے رہے اور معمول کے مطابق گفتگو کرتے رہے۔ بعد ازاں انہیں معلوم ہوا کہ اداکار “پلیٹلیٹ رچ پلازما (PRP) تھراپی” کروا رہے تھے، جو بالوں کے گرنے کے علاج کے لیے استعمال ہونے والا ایک معروف طبی طریقہ ہے ، واضح رہے کہ سلمان خان نے اس حوالے سے خود کوئی نیا بیان جاری نہیں کیا، جبکہ شیلندر سنگھ نے یہ واقعہ اپنے ذاتی مشاہدے کی بنیاد پر ایک انٹرویو میں بیان کیا ہے۔

