کراچی (ویب ڈیسک) معروف ٹی وی میزبان متھیرا نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں مردوں پر غیر معمولی ذمہ داریاں ڈال دی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے وہ اپنی جذباتی کیفیت کا اظہار بھی نہیں کر پاتے ، حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران متھیرا نے زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے مردوں اور خواتین سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک معاشرے میں مردوں کے ساتھ بھی ناانصافی ہوتی ہے۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ اگر کوئی خاتون کسی مرد پر ہاتھ لگانے کا الزام لگائے تو اکثر لوگ حقائق جانے بغیر ہی ردعمل دیتے ہیں اور پہلے الزام کی نوعیت جاننے کے بجائے مرد کو قصوروار سمجھ لیا جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ “ہم نے اپنے مردوں کو مشین بنا دیا ہے۔” ان کے مطابق بچپن سے مردوں کو اپنے جذبات دبانے کی تلقین کی جاتی ہے اور ان پر مسلسل ذمہ داریاں ڈالی جاتی ہیں، جس کے باعث وہ ذہنی اور جذباتی دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔
متھیرا نے مزید کہا کہ مسلسل دباؤ اور ذمہ داریوں کی وجہ سے بہت سے مرد نہ اچھے باپ، نہ اچھے شوہر اور نہ ہی اچھے بھائی بن پاتے ہیں، کیونکہ وہ اندر ہی اندر ٹوٹ رہے ہوتے ہیں ، انہوں نے ذہنی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ایسے بہت سے مرد موجود ہیں جو ڈپریشن کا شکار ہیں.
لیکن سماجی دباؤ کے باعث اپنے جذبات یا تکلیف کا اظہار نہیں کر سکتے۔ ان کے بقول مرد اکثر اپنے قریبی دوستوں کے سامنے بھی یہ نہیں کہہ پاتے کہ ان کا دل دکھی ہے یا وہ ذہنی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں ، متھیرا کے یہ خیالات سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہے ہیں، جہاں صارفین ان کے مؤقف سے اتفاق اور اختلاف دونوں کا اظہار کر رہے ہیں۔

