سی ڈی اے کا بڑا فیصلہ، اسلام آباد کی ہائی رائز کمرشل عمارتوں کے پارکنگ قوانین میں نرمی

سی ڈی اے کا بڑا فیصلہ، اسلام آباد کی ہائی رائز کمرشل عمارتوں کے پارکنگ قوانین میں نرمی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بورڈ کے سال 2026 کے دسویں اجلاس میں اسلام آباد کی کمرشل ہائی رائز عمارتوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، جن میں بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2023 میں ترامیم کی منظوری بھی شامل ہے۔

اجلاس میں ممبر ایڈمن، ممبر فنانس، ممبر پلاننگ، ممبر اسٹیٹ، ممبر بلڈنگ، بورڈ کے رکن اور پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہائی رائز کمرشل عمارتوں کے لیے پارکنگ کے لازمی معیار کو نرم کرتے ہوئے اب ہر ایک ہزار مربع فٹ رقبے پر ایک گاڑی کی پارکنگ مختص کرنا کافی ہوگا، جبکہ اس سے قبل ہر 750 مربع فٹ پر ایک پارکنگ جگہ فراہم کرنا لازمی تھا۔

سی ڈی اے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ سابقہ شرط کے باعث بلڈرز اور ڈیولپرز کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، کیونکہ کئی منصوبوں میں پارکنگ کی ضرورت پوری کرنے کے لیے چھ تک زیر زمین بیسمنٹس تعمیر کرنا پڑتی تھیں، جس سے زمین کی ساخت، تعمیراتی لاگت اور حفاظتی مسائل پیدا ہوتے تھے۔

بورڈ کو بتایا گیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، بزنس کمیونٹی، بلڈرز، ڈیولپرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز متعدد بار پارکنگ کے معیار میں نرمی کی تجویز دے چکے تھے۔ دیگر بڑے شہروں کی ریگولیٹری اتھارٹیز کے قواعد کا جائزہ لینے کے بعد اسلام آباد کے ضوابط کو بھی ان کے مطابق لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

سی ڈی اے کے مطابق نئے پارکنگ قوانین کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور یہ سہولت 4، 5 اور 6 اگست کو ہونے والی سی ڈی اے کی آئندہ اوپن آکشن سمیت مستقبل کی تمام کمرشل پلاٹ نیلامیوں پر بھی لاگو ہوگی، اس فیصلے کے تحت اوپن آکشن کی شرائط و ضوابط میں بھی ضروری ترامیم کی جائیں گی۔

چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ اس اقدام سے بلڈنگ پلانز کی منظوری کا عمل مزید آسان ہوگا، تعمیراتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، جبکہ سی ڈی اے اسلام آباد کی بہتر منصوبہ بندی، شہری ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرتا رہے گا۔