صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وفد کی ملاقات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں

اسلام آباد(سی این پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وفد کی ملاقات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں جو تیزی سے ایشیا کا سب سے بڑا سرمایہ کاری اور تجارتی مرکز بن کر ابھر رہا ہے۔پاکستانی تارکین وطن کی فکری اور کاروباری صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے پاکستان میں موجود صنعتوں، اکیڈیمیا، ماہرین اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار امریکہ میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صدر ایسپائر پاکستان حسن سید کر رہے تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے دستیاب انسانی وسائل کو عصری ہنر اور جدید تعلیم فراہم کر کے ان کی تربیت کا اہتمام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل افراد کی تعداد بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔
صدر مملکت کو بتایا گیا کہ ایسپائر پاکستان بیرون ملک مقیم کاروباری افراد، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی ماہرین کا ایک نیٹ ورک ہے جس کا وژن پاکستان کو جدت اور انٹرپرینیورشپ کے ذریعے سماجی اور اقتصادی طور پر خوشحال بنانا ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔