صدر ابراہیم رئیسی کے جانی نقصان پر افسوس ہے،انسانی اور بنیادی حقوق کی جدوجہد میں ایرانی لوگوں کے ساتھ ہیں،امریکہ

نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا نے سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی وفات پر ایران سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے وفد کے دیگر ارکان کی وفات پر امریکا سرکاری سطح پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔میتھیو ملر کا بیان میں کہنا تھا کہ ایران نئے صدر کے انتخاب کی جانب بڑھ رہا ہے اور امریکا انسانی اور بنیادی حقوق کی جدوجہد میں ایرانی لوگوں کے ساتھ ہے۔،امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ایران نے امریکا سے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر مدد کی درخواست کی تھی تاہم لاجسٹک وجوہات کے باعث ہم مدد فراہم کرنے سے قاصر تھے ، انہوں نے تفصیل میں جانے اور یہ بتانے سے انکار کیا کہ دونوں ممالک نے کس طرح بات چیت کی،دریں اثنا امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا صدر ابراہیم رئیسی ایران میں متعدد زیادتیوں کے ذمہ دار تھے ،ان کے ہاتھ بہت سے لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے تھے ،رئیسی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں میں بھی ملوث تھے ،ہمیں یقینی طور پر جانی نقصان پر افسوس ہے اور مناسب طور پر سرکاری تعزیت پیش کی ہے ۔دوسری جانب امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ حادثے کے بعد کی صورتحال پر ہماری نظر ہے، حادثے کی وجوہات سے متعلق ہمارے پاس کوئی اطلاع نہیں ہے اور حقائق جاننے کے لیے ایرانی تحقیقات کا انتظار کریں گے۔