ایف آئی اے اور آئی سی ایم پی ڈی کے تعاون سے مری میں انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کے خلاف آگاہی سیشن کا انعقاد

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ (ICMPD) کے مائیگرنٹ ریسورس سینٹر (MRC) کے تعاون سے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (GTTI) مری میں آگاہی سیشن کا انعقاد کیا اس سیشن کا مقصد طلبہ کو انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کے خطرات سے آگاہ کرنا اور انہیں روزگار، تعلیم اور بیرون ملک سفر کے محفوظ و قانونی ذرائع اختیار کرنے کی ترغیب دینا تھا ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمود علی کھوکھر نے شرکاء کو انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کے خلاف ایجنسی کی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ وہ جعلی روزگار کے مواقع فراہم کرنے والے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے دھوکے سے بچ سکیں۔

ایم آر سی کی کاؤنسلر سنا شفیق نے طلبہ کو قانونی ہجرت کے مختلف راستوں اور ایم آر سی کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ بیرون ملک ملازمت یا تعلیمی مواقع کے حوالے سے ہمیشہ مستند اور سرکاری ذرائع سے تصدیق کریں طلبہ نے سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل شدہ معلومات اپنی کمیونٹی میں بھی پھیلائیں گے سیشن کا اختتام ایف آئی اے کے اس عزم کے اعادے کے ساتھ ہوا کہ ادارہ نوجوانوں میں آگاہی اور ذمہ دارانہ رویے کو فروغ دے کر انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔