لاہور(شوبز رپورٹر) معروف گلوکارہ آئمہ بیگ اور اُن کے شوہر و فیشن ڈیزائنر زین احمد کے درمیان علیحدگی کی افواہیں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں ، رپورٹس کے مطابق آئمہ بیگ نے حال ہی میں اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ غیر فعال کر دیا ہے، جبکہ زین احمد نے اپنے اکاؤنٹ سے شادی کی تمام تصاویر حذف کر دی ہیں۔ اس اچانک اقدام کے بعد مداحوں نے دونوں کے تعلقات میں دراڑ کی قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل بھی زین احمد نے اچانک اپنی اہلیہ کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا تھا، جس پر علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ تاہم اُس وقت زین احمد نے وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاملہ انسٹاگرام کی ٹیکنیکل خرابی کے باعث پیش آیا تھا اور شادی کی تصاویر محض آرکائیو فولڈر میں منتقل کی گئی تھیں آئمہ بیگ اور زین احمد نے اگست 2025 میں لاہور میں شادی کی تھی، اور ان کے ازدواجی تعلق کو ابھی ایک سال بھی مکمل نہیں ہوا کہ دونوں کے درمیان دوبارہ اختلافات کی افواہیں سامنے آ گئی ہیں۔
گلوکارہ اس سے قبل اداکار شہباز شگری کے ساتھ منگنی میں منسلک رہ چکی ہیں۔ دونوں کی ملاقات فلم “پرے ہٹ لو” کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی، تاہم ستمبر 2022 میں آئمہ بیگ نے منگنی ختم ہونے کا اعلان کیا تھا شہباز شگری سے علیحدگی کے بعد آئمہ بیگ اور فیشن برانڈ کے مالک زین احمد کے تعلقات نے توجہ حاصل کی، دونوں کو متعدد مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا اور سوشل میڈیا پر ان کی قربتوں پر مداحوں نے مثبت ردعمل دیا تھا تاحال آئمہ بیگ اور زین احمد کی جانب سے موجودہ صورتحال پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم سوشل میڈیا پر مداح دونوں کے لیے نیک تمناؤں کے پیغامات بھیج رہے ہیں۔

