ممبئی (ویب ڈیسک )بالی وڈ کے معروف اداکار گووندا کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم اب ان کی حالت بہتر ہو گئی ہے اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے بھارتی میڈیا کے مطابق 61 سالہ گووندا گزشتہ رات اپنے گھر میں اچانک بے ہوش ہو گئے، جس کے بعد انہیں فوراً ممبئی کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں مختلف ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا۔
گووندا کے قریبی دوست اور قانونی مشیر للت بندل نے بتایا کہ اداکار کی طبیعت میں بہتری آ چکی ہے۔ ان کے مطابق گووندا کا بے ہوش ہونا زیادہ جسمانی مشقت اور تھکن کا نتیجہ تھا ہسپتال سے واپسی کے بعد گووندا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، “میں بالکل ٹھیک ہوں، بس زیادہ ایکسرسائز کی وجہ سے تھکن ہو گئی تھی۔ یوگا اچھا ہے لیکن ہیوی ایکسرسائز میرے لیے مشکل ہو گئی۔ میں صرف اپنی صحت کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا تھا، مگر لگتا ہے کہ یوگا ہی میرے لیے بہترین ہے۔”
للت بندل نے بتایا کہ گووندا کا شیڈول حالیہ دنوں میں بہت سخت تھا، جس کے باعث وہ شدید تھکن کا شکار ہو گئے تھے۔ ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام، مناسب خوراک اور یوگا کی تجویز دی ہے۔ اداکار اب اپنے گھر پر ہیں اور بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

