اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ کی قطر کے وزیرِ مواصلات و اطلاعات محمد بن علی بن محمد المانع سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ آئی ٹی اور ٹیلی کام تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ً ملاقات میں اس بات پر غور کیا گیا کہ پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے قطر میں اعلیٰ مہارتوں پر مبنی روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ دونوں ممالک ڈیجیٹل ترقی سے مشترکہ طور پر فائدہ اٹھا سکیں۔
دونوں ممالک نے ڈیجیٹل فریم ورک کے تحت مشترکہ انویسٹمنٹ اقدامات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فریقین نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے درمیان تکنیکی تعاون خطے میں ڈیجیٹل انوویشن کو تیز رفتار بنا سکتا ہے ، ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق ہوا کہ مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ اور سائبرسیکیورٹی میں مشترکہ منصوبے باہمی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئی ٹی ماہرین قطر کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام کے لیے مضبوط ہیومن ریسورس فراہم کرسکتے ہیں.
دونوں فریق اس بات پر متفق تھے کہ ڈیجیٹل اکانومی میں بڑھتا ہوا اشتراک پاکستان اور قطر کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔

