فن لینڈ کی 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کے دوران جاں بحق، پولیس تحقیقات شروع

ہلسنکی (ویب ڈیسک) فن لینڈ کی معروف 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر اولیویا اوراس کاسمیٹک سرجری کے ایک طریقہ کار کے دوران پراسرار طور پر جان کی بازی ہار گئیں، جس کے بعد پولیس نے بیوٹی کلینک انتظامیہ کے خلاف مبینہ غفلت اور ممکنہ مجرمانہ کارروائی کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اولیویا اوراس ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک سرجری کے لیے موجود تھیں، سرجری شروع ہونے سے قبل انہیں بے ہوشی کی دوا دی جارہی تھی کہ وہ اچانک بے ہوش ہوگئیں ، انہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکیں اور ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔

اولیویا کے والد ریجو اوراس اور والدہ جوہانا اوراس نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیٹی کو بے ہوشی کا انجیکشن لگنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج ان کا انتقال ہوگیا، والدین نے خدشہ ظاہر کیا کہ بیوٹی کلینک کے عملے کی سنگین غلطی یا غفلت اس المناک واقعے کا سبب بنی۔

ہیلسنکی پولیس کے مطابق اولیویا کی موت کے 3 روز بعد واقعے سے متعلق باقاعدہ شکایت اور تحقیقات کی درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد ممکنہ جرم کے زاویے سے تفتیش شروع کردی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں۔

واضح رہے کہ اولیویا اوراس نے محض 14 برس کی عمر میں انسٹاگرام سے اپنے سوشل میڈیا سفر کا آغاز کیا تھا اور ہزاروں فالوورز حاصل کرکے معروف انفلوئنسر بن گئی تھیں ، 2016ء میں ان کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلم ’دی پرفیکٹ سیلفی‘ نے بھی انہیں مزید شہرت دلائی، جس میں سوشل میڈیا کے ساتھ ان کے ڈیڑھ سالہ تعلق کی عکاسی کی گئی تھی۔

بعد ازاں انہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کرکے 2017ء میں ایمسٹرڈیم سکونت اختیار کرلی ، فن لینڈ واپس آنے کے بعد وہ نیند کی گولیوں اور الکحل کی عادت میں مبتلا ہوگئیں، تاہم باقاعدہ علاج کے بعد انہوں نے اپنی زندگی دوبارہ معمول پر لانے میں کامیابی حاصل کی۔