اسلام آباد(کرائم رپورٹر) تھانہ گولڑہ کے علاقے میں بدنام زمانہ منشیات فروش کے ساتھیوں نے پولیس ریڈنگ ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں زیرِ حراست منشیات فروش عدنان حیدر اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ خوش قسمتی سے فائرنگ کے دوران کانسٹیبل عبدالشکور بلٹ پروف جیکٹ کے باعث محفوظ رہا گولڑہ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عدنان حیدر کی نشاندہی پر منشیات کی برآمدگی اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی تھی کہ ایک گھر میں چھپے ملزمان نے اچانک پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق عدنان حیدر منشیات فروشی کے درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں تھا۔ ساتھیوں کی فائرنگ سے وہ زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے ذمہ دار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

