اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 2 دسمبر 1988 کو محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے 35 سال کی عمر میں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیرِ اعظم بن گئیں منگل کو ایوانِ صدر کے پریس وِنگ کے مطابق صدر مملکت نے دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن 36 سال قبل گیارہ برس کے مارشل لاء اور آمریت کے بعد پاکستان میں جمہوری حکومت بحال ہوئی، 35 سالہ بے نظیر بھٹو کی سربراہی میں جمہوریت کی واپسی کا سفر شروع ہوا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس دن قوم میں امید کی نئی لہر دوڑ گئی اور خواتین و نوجوان طبقے میں سیاسی شرکت کے خواب کو پروان چڑھنے کا پیغام ملا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹونے پاکستان کی سب سے کم عمر وزیر اعظم بن کر عوامی حکومت، جمہوریت اور مساوات کے عزم کو تقویت دی۔

