سکھر میں حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار، ایف آئی اے کی کاروائی جاری

سکھر (کرائم رپورٹر)ایف آئی اے سکھر زون نے حوالہ ہنڈی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایات پر ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سکھر کی ٹیم کی کارروائی کے دوران ملزم غلام محمد کو شہدادکوٹ سے گرفتار کیا گیاگرفتار ملزم حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہے اور اس کے قبضے سے 2 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ ملزم کے موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق دیگر شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکا۔ تفتیش کے دوران ایف آئی اے کی ٹیم ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔