گڈانی(کرائم رپورٹر)پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) گڈانی کی مشترکہ کارروائی کے دوران گڈانی کے قریب 500 کلوگرام آئس (میتھام فیٹامین) اور 3,500 غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد کی گئی ہیں، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مجموعی قیمت تقریباً 13 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 37 ارب پاکستانی روپے) ہے۔
ایف بی آر کے مطابق غیر ملکی شراب پاکستان میں اسمگل کی جا رہی تھی جبکہ منشیات کی یہ کھیپ ایک بین الاقوامی منزل کے لیے روانہ کی جا رہی تھی۔ ضبط شدہ اسمگل شدہ مال کو کلکٹریٹ آف کسٹمز گڈانی نے باضابطہ طور پر اپنی تحویل میں لے لیا ایف بی آر کا کہنا ہے کہ انسدادِ منشیات اور اسمگلنگ کی یہ کامیاب کارروائی پاکستان نیوی، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور ایف بی آر کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ پاکستان کی سمندری حدود کو اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے ہر صورت بچایا جائے گا۔

