ایف آئی اے میں محکمانہ احتساب، 19 اہلکاروں کو برطرفی اور دیگر سزائیں

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں محکمانہ احتساب کا عمل جاری ہے، جس کے دوران کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غفلت میں ملوث 19 افسران اور اہلکاروں کو مختلف سزائیں دی گئی ہیں۔

انسپکٹر ماریہ نیاز کو سرکاری رہائش گاہ پر غیر قانونی قبضہ اور غیر حاضری کے الزامات پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ سب انسپکٹر کاشف ریاض اعوان کو غیر قانونی اعضاء فروشی کے گروہ کو تحفظ دینے کے الزام میں برطرف کیا گیا۔ سب انسپکٹر تصدق حسین اور سب انسپکٹر احمد وقار کو غیر قانونی چھاپے اور ناقص انکوائری کے الزامات پر ملازمت سے برطرف کیا گیا۔کانسٹیبل آصف اللہ دتہ کو غیر قانونی چھاپہ اور بھتہ خوری کے الزام میں ملازمت سے برطرف کیا گیا جبکہ ٹیکنیکل اسسٹنٹ عنایت اللہ کو غیر ذمہ داری اور غیر قانونی امیگریشن کلیئرنس کے الزامات پر برطرف کیا گیا۔

انسپکٹر محمد ارسلان مسعود خان اور انسپکٹر ادریس خان کو رشوت طلب کرنے کے الزامات پر پے اسکیل میں تنزلی کی سزا دی گئی۔ دیگر افسران اور اہلکاروں کو ترقی روکنے، انکریمنٹ روکنے اور تنبیہات جیسی سزائیں دی گئی ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ محکمانہ احتساب کا مقصد شفافیت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنا ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔