این سی بی-انٹرپول اسلام آباد میں دوسرا واچ میکر ورکنگ گروپ اجلاس، کیمیائی اور دھماکہ خیز دہشت گردی کے خلاف استعداد بڑھانے پر زور

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)این سی بی-انٹرپول، اسلام آباد نے دوسرا واچ میکر ورکنگ گروپ اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد کیا، جس میں انٹرپول کی کیمیائی و دھماکہ خیز دہشت گردی کے انسداد یونٹ، انٹرپول جنرل سیکرٹریٹ، لیون، فرانس کے ماہرین نے کیمیائی اور دھماکہ خیز دہشت گردی میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، انٹرپول کی بایومیٹرک صلاحیتوں اور کیمیائی دھماکہ خیز مواد اور خصوصی طور پر امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز (IEDs) سے متعلق علاقائی خطرے کا جائزہ پیش کیا۔

اجلاس میں صوبائی اور قومی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 19 شرکاء نے شرکت کی، جن میں پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹس (CTD)، بم ڈسپوزل اسکواڈ/گلگت بلتستان پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ/اسلام آباد پولیس، نیشنل فارنزک ایجنسی (NFA)، نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم اتھارٹی (NACTA)، کاؤنٹر ٹیررزم ونگ (CTW)/FIA، اور این سی بی-انٹرپول/FIA شامل تھے۔

اجلاس کا مقصد شرکاء کی علاقائی تعاون اور کیمیائی و دھماکہ خیز دہشت گردی کے خلاف عملی صلاحیت کو بڑھانا تھا۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اجلاس کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اسے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مہارت اور علم کے تبادلے کا ایک قیمتی موقع قرار دیا۔ اختتامی کلمات کپٹن (ریٹائرڈ) طاہر ایوب خان (PSP)، ڈائریکٹر/ڈپٹی ہیڈ این سی بی پاکستان نے دیے، جنہوں نے این سی بی پاکستان کی جانب سے تمام شرکاء اور انٹرپول کے ماہرین کا شکریہ ادا کیا اور انٹرپول کے معزز مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں۔