اسحاق ڈار اور کرغز وزیر خارجہ کا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

چولپون آتا (ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں اپنے کرغز ہم منصب سے ملاقات کی، جو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر ہوئی ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور اعلیٰ سطح کے روابط کو مسلسل جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے صدور کے دوروں کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں پر بروقت عمل درآمد، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور امن و استحکام کے لیے کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ، اس موقع پر کرغز وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد بھی دی۔