راہول گاندھی کا نئی دہلی میں پرامن مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال کا الزام

نئی دہلی(ویب ڈیسک) بھارت میں پرامن احتجاج کرنے والے مظاہرین کے خلاف پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر پیلٹ گن کے استعمال پر سیاسی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے ایک زخمی نوجوان کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے نوجوان کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی۔

راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ نئی دہلی میں پرامن احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے خلاف پولیس نے لاٹھی چارج، گولیوں اور پیلٹ گن کا استعمال کیا، ان کے مطابق ہزاروں نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، حالانکہ وہ امتحانی پرچے لیک ہونے اور اپنی کئی سال کی محنت ضائع ہونے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ مظاہرین اپنے حقوق کے لیے پرامن انداز میں آواز بلند کر رہے تھے، تاہم ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا گیا، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے ، دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ امتحانی پرچے لیک ہونے کے معاملے پر شروع ہونے والا احتجاج نئی دہلی سے نکل کر بھارت کے دیگر شہروں تک بھی پھیل رہا ہے، جس کے باعث حکومت کو بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ کا سامنا ہے۔

کچھ تجزیہ کاروں کے مطابق، ملک میں بڑھتے ہوئے احتجاج اور مختلف داخلی مسائل کے باعث سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ اپوزیشن حکومت کی پالیسیوں پر مسلسل تنقید کر رہی ہے ، بھارتی حکومت یا پولیس کی جانب سے ان الزامات پر اس خبر کے وقت تک کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔