اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر برائے بحری امور، محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے مرکزی چینل کی ڈریجنگ کا آغاز کے جی ٹی ایل کے ذریعے کر دیا گیا ہے، جو ملکی بحری انفراسٹرکچر میں ایک بڑی پیش رفت ثابت ہوگا۔
وزیر بحری امور نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کام کے پی ٹی اور کے جی ٹی ایل کے درمیان طے پانے والے باضابطہ معاہدے کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد جہاز رانی کی صلاحیت میں اضافہ اور بین الاقوامی شپنگ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بندرگاہی سہولیات کی جدید کاری اور علاقائی و عالمی تجارت میں پاکستان کے کردار کو مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔ منصوبہ تین ماہ میں مکمل ہونے کے بعد کے پی ٹی 350 میٹر لمبے اور ایک لاکھ گراس رجسٹرڈ ٹن (جی آر ٹی) تک کے جہازوں کو سنبھالنے کے قابل ہو جائے گا۔
محمد جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ اس سے بندرگاہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی، بڑے جہازوں کی آمدورفت ممکن ہوگی، رش میں کمی آئے گی اور جہازوں کے قیام کا دورانیہ کم ہو جائے گا بیان کے مطابق ڈریجنگ کے عمل کے تحت اپر اور لوئر ہاربر چینلز کی گہرائی 14 میٹر تک بڑھائی جائے گی تاکہ محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ 14 برتھس کی گہرائی 15.5 میٹر تک کی جائے گی، جس سے بڑے جہازوں کی رسائی اور کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا وفاقی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے سے تجارتی حجم میں اضافہ، شپنگ لاگت میں کمی، لاجسٹکس میں بہتری اور قومی معیشت کو فروغ ملے گا۔

