راولپنڈی کی گرین بیلٹس کی خوبصورتی میں اضافہ، رنگ برنگے پھولوں سے شہر دلکش منظر میں تبدیل

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے موسمِ بہار کی آمد کے پیش نظر شہر کے مختلف اہم مقامات پر گرین بیلٹس کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں چاندنی چوک، راول روڈ اور راول چوک کی گرین بیلٹس کو رنگ برنگے موسمی پھولوں اور دیدہ زیب پودوں سے سجا دیا گیا ہے ایچ اے راولپنڈی کے ایم ڈی احمد حسن رانجھا سفر کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ادارے کی ٹیموں نے دن رات محنت کر کے ان اہم شاہراہوں کو دلکش منظر میں تبدیل کر دیا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو خوشگوار ماحول میسر آ رہا ہے بلکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

بہار کے موسم میں شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوبصورت ماحول فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت مختلف شاہراہوں، پارکس اور گرین بیلٹس پر شجرکاری اور پھولوں کی کاشت کا عمل جاری ہےشہریوں نے ایچ اے راولپنڈی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے شہر کا مثبت تاثر اجاگر ہو رہا ہے اور ماحول بھی خوشگوار ہو گیا ہے ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی احمد حسن رانجھا کا کہنا ہے کہ شہری بھی اس خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں ادارے کا ساتھ دیں اور پودوں و پھولوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں.