این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں موسمی الرٹ، 12 سے 17 اپریل تک بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے این ای او سی کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال جنوری میں جاری کردہ متوقع موسمی جائزے کے عین مطابق ہے، جبکہ اپریل تا جون کے دوران موسم کی مجموعی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا جا رہا ہے 12 اپریل سے 17 اپریل تک ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ این ای او سی ماہرین کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔

اگلے ہفتے کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں، جن میں مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں، میں 13 سے 17 اپریل تک وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی اور بارش متوقع ہے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، غذر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ بارشوں کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافے کا امکان بھی ہے این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، احتیاط سے گاڑی چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔ سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں مزید کہا گیا ہے کہ عوام بروقت معلومات کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ استعمال کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔