اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے انسانی سمگلنگ اور بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر مبینہ فراڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ، ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سمیع احمد ولد چمن محبوب کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کو مقدمہ نمبر 123/26 میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 406، 420، 468 اور 109 کے تحت حراست میں لیا گیا۔
حکام کے مطابق ملزم نے شکایت کنندہ کو متحدہ عرب امارات بھجوانے کا وعدہ کیا اور مبینہ طور پر اس سے 4 لاکھ 42 ہزار روپے وصول کیے، تاہم وعدے کے مطابق بیرونِ ملک روانگی کا انتظام نہ کیا گیا ، ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد واقعے سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کرنے اور معاملے کی مکمل چھان بین شروع کر دی ہے۔
کارروائی کرنے والی ٹیم میں انسپکٹر محمد عظیم اور اے ایس آئی مظہر شاہ شامل تھے، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ، ویزا فراڈ اور بیرونِ ملک ملازمت کے جھانسے میں شہریوں سے رقم بٹورنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بلاامتیاز جاری رکھی جائے گی۔

