Shisha-cafe Banned Capitalnewspoint.com

اسلام آباد میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکمِ ثانی مکمل پابندی عائد

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ) وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکمِ ثانی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، جس کا اطلاق ان کیفے پر بھی ہوگا جن کے پاس شیشہ چلانے کے لیے این او سی موجود ہے ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ، ضلعی انتظامیہ کے مطابق شیشہ کیفے کے حوالے سے جاری ہدایات کے تحت ان ڈور اور آؤٹ ڈور دونوں مقامات پر شیشہ چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پابندی کا مقصد شہریوں کے لیے صحت مند اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانا اور متعلقہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد کرانا ہے ، انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کیفے کو سیل کردیا جائے گا جبکہ مالک کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ بھی درج کیا جاسکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز کو پابندی پر عملدرآمد کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں کرنے اور اپنے اپنے علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ، ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ افسران شیشہ کیفے کی نگرانی کریں گے اور خلاف ورزی سامنے آنے کی صورت میں قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، اسلام آباد انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تاحکمِ ثانی شیشہ کیفے کے حوالے سے جاری پابندی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔