راولپنڈی واسا ایم ڈی کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل فوری حل کی ہدایت

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی مسائل کے فوری اور بروقت حل کے لیے ایم ڈی واسا راولپنڈی عزیز اللہ خان نے 29 اپریل 2026 کو واسا راولپنڈی کے شمس آباد آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہر کے مختلف علاقوں سے شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے پانی کی فراہمی میں کمی، سیوریج لائنوں کی بندش، نکاسی آب کے مسائل، بلنگ اور ریونیو سے متعلق شکایات پیش کیں۔ ایم ڈی واسا نے ہر شہری کی شکایت کو نہایت توجہ اور تفصیل کے ساتھ سنا اور موقع پر موجود متعلقہ ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو فوری احکامات جاری کیے کہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور درخواست گزاروں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے ایم ڈی واسا نے اس موقع پر کہا کہ عوامی خدمت واسا راولپنڈی کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی شکایات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور ان کے حل کی پیش رفت سے شہریوں کو آگاہ رکھا جائے۔

اس موقع پر ایم ڈی واسا راولپنڈی نے کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا براہ راست رابطہ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی مسائل کے فوری حل اور زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کے لیے آئندہ بھی شہر کے مختلف علاقوں میں باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔