دوحہ (ویب ڈیسک) عرب میڈیا نے اسرائیلی کاروباری شخصیت کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو مطالبات نہ ماننے پر جیل بھیجنے کی دھمکی دے دی، رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کے بیٹے یائر کو امریکا سے بے دخل کرنے اور امریکا میں موجود خاندانی اثاثے منجمد کرنے کی دھمکی بھی دی گئی، ٹرمپ نے سارا نیتن یاہو سے شوہر کو مطالبات ماننے پر آمادہ کرنے کا کہا۔
اسرائیلی کاروباری شخصیت نے دعویٰ کیا ہے کہ سارا نیتن یاہو نے شوہر پر شدید دباؤ ڈالا، بعد میں نیتن یاہو نے ٹرمپ سے رابطہ کیا، اس سے پہلے امریکی میڈیا نے بتایا تھا کہ صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پاگل اور ناشکرا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ میں تمہاری چمڑی بچا رہا ہوں، تمہاری وجہ سے دنیا میں ہر شخص اسرائیل سے نفرت کرتا ہے۔
دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیروں کو بتایا کہ ایران کے خلاف دوبارہ جنگ نہیں کریں گے، امریکی اخبار کے مطابق جب تک ایران کی جانب سے امریکی فوجیوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا، جنگ نہیں ہوگی، ٹرمپ انتظامیہ جنگ کو مزید پھیلانا نہیں چاہتی اور سفارتی حل کو ترجیح دے رہی ہے۔

