فرانزک شواہد ان کے مؤقف کی تائید کرتے ہیں، مقدمہ تاحال زیرِ سماعت . مومنہ اقبال

کراچی (ویب ڈٰیسک) پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے جاری قانونی مقدمے کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فرانزک شواہد ان کے مؤقف کی تائید کرتے ہیں، تاہم یہ مقدمہ تاحال عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور اس میں ابھی کوئی حتمی عدالتی فیصلہ سامنے نہیں آیا ، اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے مقدمے سے متعلق حالیہ پیش رفت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف افواہوں کی تردید کی۔ مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ ثاقب خان کے خلاف فرانزک شواہد موجود ہیں، جبکہ سمیرا خان بھی تحقیقات کا حصہ بن چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ عدالتی کارروائی ابھی جاری ہے اور بعض افراد یہ کہیں گے کہ ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں آیا، لیکن ان کے مطابق قانونی کارروائی کا ہر مرحلہ انصاف کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ،مومنہ اقبال نے مزید دعویٰ کیا کہ مقدمہ واپس لینے کے لیے ان پر دباؤ ڈالنے اور دھمکانے کی کوششیں بھی کی گئیں، تاہم وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور قانونی عمل جاری رکھیں گی۔

اداکارہ نے عدالت سے باہر مالی یا جائیداد کے بدلے سمجھوتہ کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ، یاد رہے کہ مومنہ اقبال اس وقت پنجاب اسمبلی کے رکن ثاقب خان اور ان کی اہلیہ سمیرا خان سے متعلق ایک قانونی تنازع میں فریق ہیں، اداکارہ اور ان کی قانونی ٹیم کے مطابق ثاقب خان نے مبینہ طور پر انہیں شادی کی پیشکش کی تھی، تاہم بعد میں معلوم ہونے پر کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں، مومنہ اقبال نے یہ پیشکش مسترد کر دی ، اداکارہ کا الزام ہے کہ اس کے بعد انہیں ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کیا۔

واضح رہے کہ مومنہ اقبال کی جانب سے فرانزک شواہد اور دیگر معاملات سے متعلق یہ دعوے سامنے آئے ہیں، تاہم ان پر عدالتی کارروائی جاری ہے اور عدالت کی جانب سے ابھی تک اس مقدمے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں دیا گیا۔ ثاقب خان یا ان کی قانونی ٹیم کا مؤقف اس خبر میں شامل نہیں ہو سکا۔