اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات، دوطرفہ تعاون، علاقائی امن اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی وفد نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکی کانگریس کے وفد میں ریان زنکے اور نمائندہ مائیکل بومگارٹنر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی قیادت کے درمیان بہتر تعلقات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔
امریکی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا . اس موقع پر امریکی وفد کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی کانگریس کے ارکان کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاک بھارت جنگ بندی کے لیے ان کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا ، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے اور تجارت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔

