سیکٹر G-15/3 میں انسدادِ تجاوزات آپریشن مکمل، 132 کنال سرکاری اراضی واگزار

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کی جانب سے سیکٹر G-15/3 میں سرکاری اراضی کو تجاوزات سے پاک کرنے اور الاٹیز کے حقوق کے تحفظ کے لیے جاری انسدادِ تجاوزات آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ، کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 132 کنال اراضی واگزار کرالی گئی، جبکہ سیکٹر میں موجود تمام BUPs کیسز سے متعلق اراضی کا قبضہ بھی FGEHA کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

یہ آپریشن ڈائریکٹر جنرل FGEHA کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا، جو ڈپٹی کمشنر/لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر الماس صبیح ثاقب اور ڈائریکٹر لینڈ و انفورسمنٹ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی نگرانی میں مسلسل چار روز تک جاری رہا۔ کارروائی میں متعلقہ حکام اور FGEHA کی ٹیموں نے بھرپور تعاون کیا، جبکہ سیکٹر G-15/3 میں آج بھی انسدادِ تجاوزات کارروائی عمل میں لائی گئی۔

اس سے قبل ایک تقریب کے دوران واگزار کروائی گئی اراضی سے متعلق 38 متاثرین میں پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز اور متعلقہ دستاویزات بھی تقسیم کیے گئے تھے ، یہ دستاویزات رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کی موجودگی میں متاثرین کے حوالے کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر/لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر الماس صبیح ثاقب نے کہا کہ سیکٹر G-15/3 میں انسدادِ تجاوزات آپریشن اور سرکاری اراضی کی واگزاری الاٹیز اور متاثرین کے حقوق کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت ہے ، ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے کارروائی کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا گیا اور اب سیکٹر میں موجود تمام BUPs کیسز سے متعلق اراضی کا قبضہ FGEHA کے پاس آ چکا ہے۔

ڈائریکٹر لینڈ و انفورسمنٹ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد نے کہا کہ سرکاری اراضی کے تحفظ اور غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی ، ان کے مطابق واگزار کروائی گئی اراضی کو اتھارٹی کے منصوبوں اور الاٹیز کے مفادات کے مطابق بروئے کار لانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

FGEHA انتظامیہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی قیادت میں اتھارٹی کی ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ سیکٹر G-15/3 کے الاٹیز کو جلد از جلد بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور وہ اپنی جائیدادوں سے استفادہ کر سکیں ، انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکٹر G-15/3 میں سرکاری اراضی کا تحفظ، تجاوزات کا خاتمہ، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے گی۔

FGEHA کے مطابق وفاقی سرکاری ملازمین اور دیگر الاٹیز کو معیاری، محفوظ اور جدید رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ سیکٹر G-15/3 میں اراضی کے تحفظ، ترقیاتی عمل اور الاٹیز کے حقوق کے حوالے سے قانون کے مطابق کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔