عمران خان سے ملاقات نہ کرائی گئی تو سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دیں گے . سہیل آفریدی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرائی گئی تو سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دیں گے ، وفاقی دارلحکومت میں سلمان اکرم راجہ اور بابر اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے انہیں ملاقات کی اجازت دی جائے، ملاقات کے بعد کسی قسم کی پریس کانفرنس نہ کرنے کی یقین دہانی کرانے کو تیار ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت خراب ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ انہیں مناسب علاج کی سہولت فراہم کی جائے، ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اگر سابق وزیراعظم کے ساتھ ظلم ہوگا تو نوجوان اپنے مستقبل کے بارے میں کیا سوچے گا؟ نوجوان اپنا مستقبل اندھیرے میں دیکھ رہا ہے اور وہ شدید غصے میں ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کو پاکستان کا نوجوان گھروں سے باہر نکلے گا اور تمام صوبوں میں 27 ستمبر کی کال کے لیے تیاری کی جائے گی ، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دیا جائے گا اور احتجاج کیا جائے گا ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ عمران خان کو کسی قسم کا نقصان پہنچے، کسی میں یہ جرأت نہیں ہونی چاہیے کہ بانی پی ٹی آئی کو کوئی نقصان پہنچائے۔