اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان بار کونسل نے پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے اور چند اراکین کے بیانات سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین نے واضح کیا ہے کہ کونسل کے 23 میں سے صرف 8 اراکین کی جانب سے جاری کیا گیا بیان ان کے انفرادی خیالات کی عکاسی کرتا ہے، اسے پاکستان بار کونسل کا اجتماعی مؤقف قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری اصولوں کے تحت چلنے والے ادارے میں اقلیت، اکثریت پر اپنا مؤقف مسلط نہیں کر سکتی، پاکستان بار کونسل قانونی برادری کا نمائندہ ادارہ ہے، جسے سیاسی مفادات اور ذاتی ایجنڈوں سے بالاتر رہنا چاہیے ، کونسل نے 8 اراکین کے بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے واضح طور پر لاتعلقی کا اعلان کیا، پاکستان بار کونسل نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جاری کردہ بیان سے بھی لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔
پاکستان بار کونسل کا کہنا تھا کہ مذکورہ بیانات قانونی برادری یا پاکستان بار کونسل کے اجتماعی مؤقف، پالیسی یا خیالات کی نمائندگی نہیں کرتے، بار نمائندوں کو ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے بار کے پلیٹ فارمز استعمال نہیں کرنے چاہئیں۔
عہدیداروں کا مزید کہنا تھا کہ وہ قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی اور آئینی اداروں کے تقدس پر مکمل یقین رکھتی ہے، تمام اراکین سے بنیادی آئینی اور جمہوری اصولوں کے احترام کی توقع کی جاتی ہے جب کہ پاکستان بار کونسل کے وقار اور ادارہ جاتی خودمختاری کا تحفظ تمام اراکین کی ذمہ داری ہے۔

