راولپنڈی (سپیشل رپورٹر) آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام میں پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی کی طلباء و طالبات کے ساتھ نشست ہوئی، پروگرام میں پاکستان بھر کے 21 مختلف سٹیشنز سے 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ شریک ہیں ، پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی نے قومی سلامتی، علاقائی صورتحال، بھارت کے کردار، افغانستان اور معاشی استحکام پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
ریکٹر ملینیم انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قومی سلامتی اور معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے بھی مسلسل اقدامات کر رہا ہے، بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کیلئے مشکلات اور دہشتگردی کے خطرات بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جس سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے سرحدی اور فضائی محاذ پر کامیابی حاصل کی، معرکہ حق میں پاکستان نے خطے میں بھارت کے’’نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر‘‘ ہونے کے بیانیے اور اس سے جڑی سٹریٹجک سوچ کو بھی شکست دی ، پروفیسر ڈاکٹرہما بقائی نے کہا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظرمیں پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ اور قومی سلامتی ومعاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔

