پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی پہلی کمیٹی کا اجلاس کل استنبول میں ہوگا

استنبول (ویب ڈیسک) پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلی کمیٹی کا اجلاس کل استنبول میں ہوگا، جس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

ترک وزارتِ خارجہ کے ذرائع کے مطابق تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف اسٹاف اجلاس میں شریک ہوں گے، پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی اجلاس میں شرکت کریں گے، جو استنبول پہنچ چکے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک وزارتِ خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے اعلیٰ حکام رواں ماہ طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلی کمیٹی کے اجلاس کے لیے پیر کو استنبول میں جمع ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی سلامتی کے امور سرفہرست ہوں گے، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، مسلح افواج کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانے سمیت دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات زیرِ بحث آنے کی توقع ہے ، اس کے علاوہ دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار، ٹیکنالوجی اور تیاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے اس اہم اجلاس کو مشترکہ دفاعی تعاون کے عملی ڈھانچے کو آگے بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جبکہ اجلاس کے فیصلوں سے مستقبل میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی روابط کی سمت مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔