پوپو فٹبال کلب اسلام آباد کے فٹبال ٹرائلز رواں ہفتے شروع ہوں گے، نوجوان کھلاڑیوں کیلئے سنہری موقع

اسلام آباد (ویب ڈیسک) دنیائے فٹبال میں اے کلاس کوچز کے زیر نگرانی پوپو فٹبال کلب اسلام آباد کے فٹبال ٹرائلز رواں ہفتے شروع ہوں گے، ”منشیات سے انکار اور کھیلوں سے پیار“ کے سلوگن کے ساتھ ٹرائلز نوجوان فٹبالرز کے لیے روشن مستقبل کے حصول کا سنہری موقع ہیں۔

ایم پی اے راجہ شوکت بھٹی، معروف پیتھالوجسٹ ڈاکٹر جمال ناصر اور چوہدری امتیاز مہمان خصوصی ہوں گے ، چیف ایگزیکٹو پوپو فٹبال کلب حارث بن ہارون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہر سال پورے ملک کے ہر صوبے سے نوجوان فٹبالرز پوپو فٹبال کلب کے سالانہ ٹرائلز میں جوق در جوق شرکت کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرائلز میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو کلب انتظامیہ کی جانب سے مفت رہائش، کھانا اور جم کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ، حارث بن ہارون کے مطابق ماہر اے کلاس فٹبال کوچز منتخب فٹبال پلیئرز کو روزانہ کی بنیاد پر تین گھنٹوں کی سخت ٹریننگ بھی کرواتے ہیں.

جس کے بعد ان منتخب کھلاڑیوں کو اندرون و بیرون ممالک مختلف فٹبال ٹورنامنٹس میں شرکت کا سنہری موقع ملتا رہتا ہے ،انہوں نے کہا کہ مفت فٹبال ٹرائلز 15 سے 18 سال کی عمر کے نوجوان کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ہیں، اس عمر سے ہٹ کر دیگر کھلاڑی اپنی عمر کی کیٹیگری میں ٹرائلز میں حصہ لے سکتے ہیں۔